فرنٹیئر کالونی میں پکوان سینٹر پر دستی بم حملہ، 2022 میں بھتے کی پرچی بھیجنے والے کو پکڑوایا تھا

تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود میں فرنٹیئر کالونی میں ایک پکوان سینٹر پر نامعلوم ملزمان نے دستی بم حملہ کیا ہے، تاہم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا دستی بم خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پکوان سینٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، جاتے جاتے دستی بم پھینکا لیکن وہ پھٹ نہیں سکا۔ پکوان سینٹر کے مالک نے پولیس کو بتایا ’’ہم گھر میں سو رہے تھے اچانک فائرنگ ہوئی، فائرنگ کی آواز پر باہر آ کر دیکھا تو دکان پر دستی بم پڑا تھا۔‘‘ دکان مالک کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں انھیں بھتے کی پرچی ملی تھی، اس واقعے کا مقدمہ پیرآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ پکوان سینٹر کے مالک کے مطابق بھتہ مانگنے والا ملزم ان کا پڑوسی تھا۔ ایس ایچ او مومن آباد شہباز انجم نے بتایا کہ صبح سویرے سوا چار بجے کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر 4 لڑکے آئے، جن میں سے دو نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور دو نے چہرے رومالوں سے ڈھانپ رکھے تھے، انھوں نے بند دکان پر تین فائر کیے اور گرنیڈ پھینکا۔ ایس ایچ او کے مطابق پکوان سینٹر کے مالک کو کوئی دھمکی نہیں ملی ہے۔