سندھ حکومت نے صوبے بھر کے 15 لاکھ کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کا اجرا کر دیا ہے

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے 15 لاکھ کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ کا اجرا کر دیا ہے۔ روہڑی میں منعقدہ ایک تقریب میں سکھر ڈویژن کے کسانوں میں یہ کارڈ تقسیم کیے گئے۔ وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ، سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو، اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ وزیر زراعت نے اپنے خطاب میں کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے جو کسانوں کو مالی سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کسان اس کارڈ کے ذریعے کھاد، بیج، باردانہ، اور دیگر زرعی آلات پر سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، تمام حکومتی سبسڈیز صرف اس کارڈ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی۔ سندھ حکومت نے ایک جدید ایگری کلچر ڈیش بورڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو فی ایکڑ پیداوار اور اخراجات کا تخمینہ لگانے میں مدد دے گا۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ اب تک 3 لاکھ 36 ہزار کسانوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے، جن میں سے 2 لاکھ 98 ہزار کسان گندم سبسڈی پروگرام کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ بینظیر ہاری کارڈ کے پہلے مرحلے میں 1 سے 25 ایکڑ اراضی رکھنے والے کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 25 ایکڑ سے زائد زمین رکھنے والے کسان شامل ہوں گے۔ اب تک ایک ہزار خواتین کسان بھی اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے تقریب میں کہا کہ سندھ حکومت کسانوں کو سہولت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے دریائے سندھ کے پانی کے تحفظ اور اس سے متعلق نئے منصوبوں پر سندھ حکومت کے واضح موقف پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب کے آخر میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ سندھ میں زراعت کے شعبے میں ایک انقلاب ثابت ہوگا، جس سے چھوٹے کسانوں کو زبردست فائدہ پہنچے گا۔