انٹرنیشنل پیس کانفرنس سندھ کے ذمہ داران کا اہم اجلاس طلب

جیکب آباد:جمعیت علماء اسلام سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈہڑ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل پیس کانفرنس کو تاریخی اور شایان شان طریقے سے کامیاب بنانے کے لیے جے یو آئی سندھ کی تمام ذیلی کمیٹیوں اور ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس آئندہ مورخہ 13 ستمبر بروز اتوار کو دوپہر 12 بجے مرکز باب الاسلام سکھر میں منعقد ہوگا، جس میں کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اجلاس کی صدارت صوبائی اور مرکزی سطح کے اکابرین کریں گے۔ اس موقع پر کانفرنس کے جملہ انتظامات، انتظامی امور، مختلف کمیٹیوں کی اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے اپنے ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یہ عالمی امن اجتماع دنیا بھر میں امن، بھائی چارے، رواداری، انسانی اقدار اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور توصیفی آواز ثابت ہوگا۔

ترجمان کے مطابق، کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام شعبوں اور کمیٹیوں کے درمیان مربوط رابطہ، باہمی تعاون اور موثر اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔ اجلاس کے دوران تمام کمیٹیوں کے ذمہ داران اپنی اپنی کاکردگی اور پیش رفت سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ، تیاریوں کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز، مسائل اور ضروریات پر سیرحاصل مشاورت کی جائے گی تاکہ تقریب کے انعقاد میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے۔

واضح رہے کہ اس اہم اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ شرکاء میں علامہ ناصر محمود سومرو، عبدالرزاق عابد لاکہو، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبداللہ مہر، مفتی عادل لطیف، فقیر سکندر نقشبندی، مولانا محمد ادریس سندھی، ڈاکٹر شفیق الرحمن سومرو، مولانا محمد طیب میکہو، آصف علی مگسی، مولانا عبدالغفار چاچڑ اور جمال الدین اوگاہی سمیت دیگر اہم ذمہ داران شامل ہیں۔ اجلاس میں تمام امور پر طویل غوروخوض کے بعد اہم ترین فیصلے کیے جائیں گے جو کانفرنس کے لائحہ عمل کو مزید مستحکم بنائیں گے۔