ملک بھر میں بجلی مہنگی، صارفین پر 12 ارب کا اضافی بوجھ

اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا گیا ہے جہاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس نئے اضافے کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر بارہ ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں یہ ردوبدل ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور مختلف چارجز کی مد میں کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے علاوہ تمام صارفین جس سے ماہانہ بلوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

معاشی ماہرین اور عوامی حلقوں کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اس مسلسل اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی یوٹیلیٹی بلز اور اشیائے خوردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایسے میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی کمر توڑ دینے کے مترادف ہے، اور حکومت کو اس حوالے سے فوری ریلیف کے اقدامات کرنے چاہئیں۔