سکھر / خیرپور / ببرلوءِ :سندھ کی تقسیم کی مبینہ سازش، زمینوں و وسائل پر قبضوں اور پانی کے حصے پر شب خون مارنے کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے عوامی بیداری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی، بچل شاہ، ببرلوءِ بازار، علمدار چوک، یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ، کینٹینز، پوائنٹ بسوں اور اہم شاہراہوں پر ہینڈ بلز تقسیم کر کے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی گئی۔
اس موقع پر خیرپور یونیورسٹی کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، ریاض ملک، سندھی گرلز اسٹوڈنٹس تحریک کی رہنما صوبیا ملک، سندھی شاگرد تحریک کے رہنما زین جتوئی، زوہیب پھلپوٹو، ذوالفقار پھلپوٹو، خدابخش پھلپوٹو اور عبدالقدیر پھلپوٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سندھی قوم اپنی دھرتی اور دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ 28ویں ترمیم سمیت کسی بھی ایسے اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا جو سندھ کی وحدت کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی کے وسائل پر وار کرنے والے حکمرانوں کے خلاف پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے گھیراؤ کیا جائے گا، اور 28ویں ترمیم کے منصوبے کو ناکام بنانے، دریاؤں، زمینوں اور معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔