اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت جڑواں شہروں اور گردونواح میں مسلسل پانچویں روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 13 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 9 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔پانی کی سطح بلند ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تمام نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔ واٹر ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینسز، ریسکیو اور فائر وہیکلز جبکہ کشتیاں بھی مقررہ مقامات پر موجود ہیں۔کٹاریاں، گوالمنڈی، شارون کالونی، ضیا کالونی، ڈھوک رتہ، جاوید کالونی، ڈھوک نجو، بنگش کالونی، ڈھوک مٹکیال، ڈھوک الٰہی، ڈھوک دلال اور بکرامنڈی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ریسکیو ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق نالہ لئی سمیت دیگر نالوں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی کی جارہی ہے، جبکہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔