برطانیہ کے سینما گھروں میں میٹا اے آئی اور دیگر کیمرہ لیس اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی سینما ایسوسی ایشن (UKCA) پائریسی کے خدشات کے پیش نظر سینما گھروں میں میٹا اے آئی گلاسز سمیت دیگر اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندی پر غور کر رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق سینما آپریٹرز ایسی پالیسیاں متعارف کرا رہے ہیں جن کے تحت کیمرے سے لیس اسمارٹ گلاسز کو سینما ہال کے اندر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس اقدام کا مقصد فلموں کی غیر قانونی ریکارڈنگ اور پائریسی کو روکنے کے ساتھ ساتھ ناظرین کی پرائیویسی کا تحفظ بھی ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ برطانیہ اور ویلز کی عدالتوں میں بھی عدالتی کارروائی کے دوران تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے میٹا اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی۔تاہم میٹا کا کہنا ہے کہ ویڈیو ریکارڈ کرتے وقت اسمارٹ گلاسز پر ایل ای ڈی لائٹ روشن ہوتی ہے، جس سے لوگوں کو ریکارڈنگ کیے جانے کا علم ہو جاتا ہے۔کمپنی نے اسمارٹ گلاسز کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نظر یا سماعت سے محروم افراد کے لیے معاون ٹیکنالوجی کے طور پر بھی کام کرتے ہیں اور انہیں مختلف سہولیات فراہم کرتے ہیں۔