ایپل صارفین کے ڈیٹا اور پرائیویسی سے متعلق قوانین تبدیل کرنے پر رضامند

: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل صارفین کی پرائیویسی اور ذاتی ڈیٹا کے استعمال سے متعلق اپنے قوانین تبدیل کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔
جرمنی کے وفاقی کارٹل آفس نے ایپل کے خلاف کئی سال سے جاری تحقیقات نئے اقدامات کی منظوری کے بعد ختم کردی ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت آئی فون اور آئی پیڈ پر تھرڈ پارٹی ایپس کو صارفین سے ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت لیتے وقت غیرجانبدار زبان اور انداز اپنانا ہوگا۔جرمن حکام کے مطابق ایپل کا ایپ ٹریکنگ ٹرانسپیرنسی نظام اپنی ایپس کو دیگر ایپس کے مقابلے میں صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کی اجازت لینے میں زیادہ سہولت فراہم کرتا تھا، جس پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
ایپل کو نئی تبدیلیاں نافذ کرنے کے لیے چار ماہ کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ نئے ضوابط سات سال تک نافذ رہیں گے۔ کمپنی کے مطابق یہ تبدیلیاں یورپی یونین کے تقریباً تمام ممالک میں لاگو ہوں گی۔