ملک میں گھی اور تیل کے بحران کا خدشہ، خوردنی تیل ٹینکرز کی ہڑتال جاری

کراچی (ویب ڈیسک) ملک میں گھی اور خوردنی تیل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، خوردنی تیل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث سپلائی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن بختاور خان کا کہنا ہے کہ خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز گزشتہ 10 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کے باعث ملک میں گھی اور تیل کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔

بختاور خان نے خبردار کیا کہ اگر ہڑتال مزید جاری رہی تو خوردنی تیل کی ترسیل مکمل طور پر متاثر ہونے سے ملک میں گھی اور تیل کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ 10 ویلر ٹینکرز کو ان کی گنجائش کے مطابق مناسب وزن لے جانے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ویلر ایڈیبل آئل ٹینکر کی گنجائش 60 ٹن ہے اور اس وزن سے لوڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔

چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام سے پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ٹینکرز مالکان کے مسائل کا حل نکالا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی اور مسائل حل نہ کیے گئے تو خوردنی تیل ٹینکرز کی ہڑتال جاری رہے گی۔

ہڑتال طویل ہونے کی صورت میں خوردنی تیل کی ترسیل اور مارکیٹ میں دستیابی متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔