پاکستان کا 79واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ گلی محلوں اور بازاروں میں ملی نغمے گونج رہے ہیں جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں دن کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر مسلح افواج کے جوانوں نے نعرۂ تکبیر بلند کیے۔کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔ملک بھر میں ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز سمیت سرکاری و نجی اسکولوں اور مختلف اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ مختلف شہروں میں ریلیاں، ملی نغموں کی محافل اور دیگر تقریبات بھی جاری ہیں۔جشنِ آزادی کے آغاز پر رات 12 بجتے ہی کئی شہروں میں آتش بازی کی گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مختلف علاقوں میں گھروں، بازاروں اور سرکاری عمارتوں کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔مقررین نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور جانثاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرے گی