صدر مملکت نے متعدد سمریوں کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی متعدد سمریوں کی منظوری دے دی ہے۔

منظور کی گئی سمریوں میں مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری بھی شامل ہے۔

صدر مملکت نے مختلف سول شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو قومی اعزازات دینے کی بھی منظوری دی ہے۔

اس کے علاوہ یوم آزادی اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اہل قیدیوں کی سزاؤں میں 100 روز کی معافی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے 17 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے اور سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے طلب کرنے کی سمری پر بھی دستخط کردیے ہیں۔