ایبولا وائرس کانگو کے ایک اور صوبے میں پھیل گیا

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے اور ایک ایسے صوبے میں بھی وائرس کا کیس سامنے آیا ہے جو پہلے وبا سے متاثر نہیں تھا۔صحت حکام کے مطابق متاثرہ شخص ایک ٹیکسی ڈرائیور تھا، جو باس یویل صوبے کا سفر کرچکا تھا۔ بعد ازاں اس کی موت ہوگئی، جس کے باعث حکام کو خدشہ ہے کہ وائرس مزید علاقوں تک پھیل سکتا ہے۔کانگو کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے بایومیڈیکل ریسرچ کے سربراہ ژاں جیکس موئیمبے کے مطابق متاثرہ شخص کی نقل و حرکت کے باعث وائرس کی منتقلی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔حکام کے مطابق ایبولا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 11 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ملک کے پانچ صوبوں میں 4 ہزار 381 تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔
صحت حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔