راولپنڈی فائرنگ واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے راولپنڈی میں فائرنگ کے واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور کسی بھی قسم کے تشدد یا دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی سیاسی جماعت یا کارکن کو واقعے کا ذمہ دار قرار نہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے واقعے کے تمام حقائق اور اصل ذمہ داروں کو سامنے لانے کے لیے اعلیٰ سطح کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے مال روڈ پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو کارروائی کے دوران ہلاک کردیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملزم کی شناخت محمد حسین، رہائشی ضلع خیبر کے طور پر ہوئی ہے اور اس کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولہ بارود اور دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔