قومی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نیدرلینڈز روانہ

لاہور: ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز روانہ ہوگئی۔ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں کھیلا جائے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی ادا کردیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑی مالی معاملات کی فکر سے آزاد ہوکر اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرسکیں۔پی ایچ ایف کے مطابق ٹیم کے سفر، رہائش، کھانے، مقامی ٹرانسپورٹ اور کھیلوں کے سامان کی منتقلی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی فلاح و بہبود فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے۔ان کے مطابق ٹیم کی روانگی سے قبل تمام ضروری مالی اور انتظامی معاملات شفاف انداز میں مکمل کرلیے گئے ہیں، تاکہ قومی ٹیم عالمی سطح پر بلا جھجھک ملک و قوم کی نمائندگی کرسکے۔