میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کا 68واں یومِ شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شہید کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔تحصیل بوریوالہ میں میجر طفیل محمد شہید کی یادگار پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مزار پر پھول چڑھائے گئے۔ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میجر طفیل محمد شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید کی جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے وطن عزیز کے دفاع کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور بہادری پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے روشن مثال ہے۔میجر طفیل محمد شہید نے اگست 1958 میں لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔