راولپنڈی کے مصروف علاقے کمیٹی چوک میں بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 6 سالہ بچی حریم مبینہ طور پر نالے میں گر کر لاپتہ ہو گئی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بچی کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی کے والد اہل خانہ کو گاڑی میں بٹھا رہے تھے کہ اسی دوران حریم اچانک لاپتہ ہو گئی۔واقعے کے وقت شہر میں موسلا دھار بارش ہو رہی تھی، جس کے باعث نالوں میں پانی کی سطح بلند تھی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے بچی قریبی نالے میں گر گئی ہو۔ریسکیو 1122 کے مطابق آپریشن میں پانچ ایمرجنسی گاڑیاں اور بارہ سے زائد تربیت یافتہ اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ سرچ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جو نالے کے مختلف مقامات پر بچی کی تلاش میں مصروف ہیں۔بچی کے ماموں محمد سمیر نے بتایا کہ ان کے گھر مہمان آئے ہوئے تھے اور واپسی کے وقت تمام افراد گاڑی میں سوار ہو رہے تھے کہ اسی دوران حریم اچانک نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش اور پانی جمع ہونے کے باعث خدشہ ہے کہ بچی پھسل کر نالے میں جا گری ہو۔دوسری جانب پولیس نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔