وفاقی حکومت کا کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب بنانے کے لیے کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، جبکہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرانس شپمنٹ جہازوں کے لیے پورٹ ہینڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ اسکے ساتھ ہی ٹرانس شپمنٹ سے متعلق تمام پرانے ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اس موقع پرچیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو زیادہ مراعات دی جائیں گی، جس سے جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم میں نمایاں کمی آئے گی۔نئے مراعاتی پیکج کے تحت کراچی پورٹ پر وہارفیج چارجز میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی گئی ہے، جبکہ کراچی پورٹ پر 14 روز اور ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اسی طرح پورٹ قاسم پر وہارفیج چارجز میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ پورٹ قاسم کے ٹرمینلز پر 7 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت ہوگی، جسے ضرورت کے مطابق 21 روز تک بڑھایا جا سکے گا۔