دبئی: متحدہ عرب امارات کے معروف ہیومنائڈ روبوٹ ’بو سنیدہ‘ کی ایک علامتی شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ’بو سنیدہ‘ کو ’موزہ‘ نامی ایک اور ہیومنائڈ روبوٹ کے ساتھ شادی کی طرز پر پیش کیا گیا۔ ویڈیو میں دلہن روبوٹ کو سنہری کڑھائی والے سیاہ عبایا میں دکھایا گیا، جبکہ تقریب میں روایتی اماراتی لباس (کندورہ) میں ملبوس افراد بھی موجود تھے۔ویڈیو اور تصاویر ’بو سنیدہ‘ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئیں، جنہیں لاکھوں صارفین نے دیکھا اور دلچسپ تبصرے کیے۔ اس منفرد انداز نے سوشل میڈیا پر روبوٹس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی۔تاہم واضح کیا گیا ہے کہ یہ تقریب کسی قانونی یا مذہبی شادی کی نمائندگی نہیں کرتی، بلکہ روبوٹ تیار کرنے والی کمپنی کی جانب سے تخلیق کیا گیا ایک تشہیری اور تخلیقی کانٹینٹ ہے، جس کا مقصد صارفین کی دلچسپی حاصل کرنا اور نئی ٹیکنالوجی کو منفرد انداز میں پیش کرنا تھا۔