ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

کراچی/راولپنڈی (4 اگست 2026): ملک بھر میں آج حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ گرو مندر سے ٹاور تک ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والی گاڑیوں کو لسبیلہ چوک سے گارڈن کی جانب جبکہ شارع فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی سگنل سے متبادل راستوں پر موڑا جائے گا۔ جلوس کے راستے میں صرف خصوصی اسٹیکر والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں مرکزی ماتمی جلوس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، جبکہ رینجرز اور ایلیٹ فورس بھی مختلف مقامات پر موجود ہے۔ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ حساس عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوس میں شرکت کرنے والوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔