ملتان (4 اگست 2026): فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، مسافر آصف اقبال عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہا تھا، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کی سرگرمیاں مشکوک پائی گئیں، جس پر اسے روک کر پوچھ گچھ کی گئی۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ مسافر نے سعودی عرب سے البانیہ جانا تھا، جہاں سے اسے غیر قانونی سمندری راستے کے ذریعے یورپ منتقل کیا جانا تھا۔ترجمان کے مطابق، پاکپتن سے تعلق رکھنے والا مسافر ساہیوال کے ایک نامعلوم ایجنٹ کے رابطے میں تھا، جس نے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے کے نام پر اس سے لاکھوں روپے وصول کیے۔ایف آئی اے نے مسافر کو مزید تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔