لودھراں: بارش سے بیوٹیفکیشن منصوبہ متاثر، مرکزی بازار زیرِ آب

لودھراں (3 اگست 2026): بارش کے باعث لودھراں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن منصوبے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں مرکزی بازار ایک بار پھر پانی میں ڈوب گیا اور متعدد دکانوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق، بارش کے دوران منصوبے کے حفاظتی شیڈ اور شیٹیں پھٹ گئیں جبکہ نکاسی آب کے لیے نص پائپ بھی متاثر ہو گئے، جس سے بازار میں پانی جمع ہوگیا۔تاجروں نے منصوبے میں ناقص تعمیراتی معیار اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری تعمیراتی کام کے باعث ان کا کاروبار پہلے ہی بری طرح متاثر ہے، جبکہ حالیہ بارش نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چوہدری اشرف نے متعلقہ ٹھیکیداروں اور عملے کو فوری طور پر مرکزی بازار طلب کر لیا ہے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔