کراچی (2 اگست 2026): شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی شدید بدبو پھیلنے سے شہری پریشان ہو گئے، جبکہ متعدد افراد نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت بھی کی۔گیس کی بدبو محمود آباد، منظور کالونی، کارساز اور اسٹیڈیم روڈ کے اطراف کے علاقوں میں محسوس کی گئی، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب نئی گیس پائپ لائن کو فعال کرنے کے دوران پلانٹس کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ اس عمل کے دوران گیس میں بو پیدا کرنے والے مادے کی مقدار عارضی طور پر زیادہ شامل کی گئی، جس کے باعث بعض علاقوں میں معمول سے زیادہ بدبو محسوس ہو رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مختلف علاقوں سے گیس لیکیج کی شکایات موصول ہوئیں، تاہم سسٹم کے تمام پریشر معمول کے مطابق ہیں اور کسی بھی مقام پر گیس لیکیج کی تصدیق نہیں ہوئی۔سوئی سدرن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور اطمینان کے ساتھ اپنے معمولات جاری رکھیں، کیونکہ یہ صورتحال ٹیسٹنگ کے عمل کی وجہ سے عارضی ہے۔