پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ڈیزل کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، جبکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کی بھی دھمکی دی ہے۔
الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 65 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا، جس کے باعث موجودہ کرایوں پر ٹرانسپورٹ چلانا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو آئندہ ایک دو روز میں ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔