کراچی (20 جولائی 2026): ٹنڈو آدم اور وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان مال بردار ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث کراچی سے ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے مقام پر دو ریلیف کرینوں کی مدد سے بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، تاہم ٹریک مکمل طور پر بحال ہونے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پہلے ڈاؤن ٹریک سے گری ہوئی بوگیوں کو ہٹا کر جزوی طور پر ٹرینوں کی آمد و رفت بحال کی جائے گی، جس کے بعد مکمل آپریشن بحال کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔حادثے کے باعث مختلف اسٹیشنوں پر متعدد ٹرینیں روک دی گئی ہیں۔ قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد، علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی جبکہ پشاور سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ٹنڈو آدم اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔ٹرین آپریشن کی معطلی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔