کراچی (20 جولائی 2026): کراچی کے علاقے غریب آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا بنانے والا بڑا کارخانہ سیل کر دیا اور موقع سے ایک مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گٹکا بنانے کی پیکنگ اور مکسنگ مشین، 200 کلو چھالیہ اور ایک ہزار تیار شدہ گٹکے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزم کی شناخت نصیر عرف چوچہ کے نام سے ہوئی، جو متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب اور مفرور تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے 2001 میں گٹکا بنانے کا کاروبار شروع کیا تھا اور ابتدا میں پرانا گولیمار میں کرائے کی جگہ پر کارخانہ قائم کیا تھا۔ ملزم کے مطابق اس کاروبار میں حاجی ریاست نامی شخص اس کا شراکت دار تھا۔حکام کے مطابق ملزم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ لیاری میں قائم اس کی فیکٹری اسلحہ، منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء چھپانے کے لیے استعمال ہوتی رہی۔ مزید یہ کہ 2024 کے بعد سے وہ کاشف دادا نامی شخص کو ہفتہ وار بھتہ ادا کرتا رہا اور اس کے کارندوں کو فیکٹری میں غیر قانونی سامان رکھنے کی اجازت بھی دے رکھی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم جرائم پیشہ عناصر کے آپریشنل اخراجات کے لیے مالی معاونت بھی کرتا رہا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔