کینیڈا نے والدین اور گرینڈ پیرنٹس اسپانسرشپ پروگرام عارضی طور پر بند کردیا

اوٹاوا: کینیڈا نے پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے درخواست گزاروں کے لیے والدین اور گرینڈ پیرنٹس اسپانسرشپ پروگرام کے تحت نئی درخواستیں عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کینیڈین امیگریشن حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد بڑھتی ہوئی درخواستوں کے دباؤ کو کم کرنا اور زیر التوا کیسز کو جلد نمٹانا ہے۔ تاہم، پہلے سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر معمول کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال نئے انٹرسٹ ٹو اسپانسر فارم قبول نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی نئے اسپانسرز کو درخواست دینے کی دعوت دی جائے گی۔

کینیڈین حکومت نے بتایا کہ 2026 کے دوران اس پروگرام کے تحت زیر التوا 15 ہزار افراد کو مستقل رہائش دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےوالدین اور گرینڈ پیرنٹس اسپانسرشپ پروگرام کے ذریعے کینیڈین شہری اور مستقل رہائشی اپنے والدین، دادا دادی اور نانا نانی کو کینیڈا کی مستقل رہائش دلوا سکتے ہیں۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ پروگرام کی عارضی معطلی کے باوجود خاندان اپنے بزرگوں کو سپر ویزا کے ذریعے کینیڈا بلا سکتے ہیں، جس کے تحت انہیں طویل عرصے تک اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کی اجازت مل سکتی ہے، تاہم یہ مستقل رہائش نہیں دیتا۔امیگریشن ماہرین کے مطابق کینیڈا میں ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث امیگریشن پالیسیوں کو مرحلہ وار مزید سخت کیا جا رہا ہے۔