امریکا نے پشاور قونصل خانہ مستقل بند کردیا، تمام امور اسلام آباد منتقل

سلام آباد: امریکا نے پشاور میں قائم اپنا قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ اس کے تمام سفارتی امور اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔امریکی حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پشاور قونصل خانے کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا صفحات بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ اب خیبرپختونخوا سے متعلق تمام معلومات اور سرکاری اپ ڈیٹس امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے باوجود امریکا خیبرپختونخوا کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے تحت ایک نیا خیبرپختونخوا یونٹ قائم کیا گیا ہے، جو صوبے میں امریکی سفارتی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔