کراچی (15 جولائی 2026): آٹے کی قیمتوں کے تنازع نے شدت اختیار کر لی، جس کے خلاف ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے جوڑیا بازار سمیت کراچی کی بڑی ہول سیل اجناس مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق آٹا فروشوں کی مبینہ گرفتاریاں، جرمانے، دکانوں کی سیلنگ اور انتظامیہ کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دکانداروں کو کسی قسم کے تحریری چالان بھی جاری نہیں کیے گئے، جبکہ مہنگا آٹا فروخت کرنے والی فلور ملز کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ہڑتال کے باعث جوڑیا بازار، لی مارکیٹ، ڈانڈیا بازار، نانک واڑہ بازار، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور لیاقت آباد کی ہول سیل اجناس مارکیٹیں بند رہیں گی، جس سے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اجناس کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے ڈھائی نمبر آٹے کی سرکاری قیمت 122 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم فلور ملز سے مذاکرات کے بعد ایکس مل قیمت 125 روپے فی کلو طے کی گئی۔ تاجروں کا مؤقف ہے کہ 125 روپے فی کلو خریدے گئے آٹے کو 122 روپے فی کلو فروخت کرنا ممکن نہیں، اسی اختلاف کے باعث انتظامیہ، فلور ملز اور تاجروں کے درمیان تنازع بدستور برقرار ہے۔