راولپنڈی (15 جولائی 2026): راولپنڈی کے علاقے چکلالہ، محلہ نورانی میں گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں خوفناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید جھلس کر زخمی ہو گئیں، جبکہ گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔اہل خانہ کے مطابق گلی سے گزرنے والی سیوریج لائن میں سوئی گیس پائپ لائن سے گیس لیک ہو رہی تھی، جو سیوریج کے ذریعے گھر کے اندر جمع ہو گئی۔ جیسے ہی گھر میں دیا سلائی جلائی گئی تو زوردار دھماکا ہوگیا، جس سے کھڑکیاں، دروازے اور قیمتی سامان تباہ ہو گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اسی گلی میں پانچ روز قبل بھی سیوریج لائنوں میں گیس جمع ہونے کے باعث اسی نوعیت کے دھماکے ہو چکے تھے۔ رہائشی نوید ملک کے مطابق محکمہ سوئی گیس کو متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں، تاہم مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔حادثے کے بعد سرکاری امدادی ٹیموں کی عدم موجودگی میں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا اور مزید نقصان سے بچاؤ کے اقدامات کیے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس لیکج کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرہ علاقے میں گیس کی لیکج فوری طور پر ختم کی جائے۔