راولپنڈی (14 جولائی 2026): ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے تھانہ صادق آباد میں درج ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے فرخ کھوکھر سمیت تین مجرموں کو عمر قید کی سزا سنا دی، جبکہ ایک ملزم وسیم کو شواہد کی عدم دستیابی پر بری کر دیا۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد کمرہ عدالت میں موجود فرخ کھوکھر سمیت تینوں مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ فرخ کھوکھر اس مقدمے میں ضمانت پر تھا، جبکہ دیگر دو مجرموں کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
فیصلے کے موقع پر مقتول ماجد ستی کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، جبکہ مجرموں کے حامی بھی بڑی تعداد میں عدالت پہنچے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مسلح افراد اور گاڑیوں کے احاطے میں داخلے پر پابندی عائد رہی اور آنے والے تمام افراد کی مکمل تلاشی لی گئی۔واضح رہے کہ ماجد ستی قتل کا مقدمہ 8 اگست 2022 کو تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا، جس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔