لاہور میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین سواری والی موٹر سائیکلیں بھی نشانے پر

لاہور: اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیوروں اور موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کم عمر یا بغیر لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے نہ صرف چالان کیے جائیں گے بلکہ ان کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل صرف جووینائل پرمٹ پیش کرنے پر ہی واپس کی جائے گی۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ تعطیل کے دن بڑی تعداد میں بچے اور کم عمر افراد موٹر سائیکل، گاڑیاں اور رکشے لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ خصوصی کارروائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ سفر کے فروغ کے لیے موٹر سائیکل پر تین افراد کی سواری کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔