اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو نشانِ خدمت دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعزاز انہیں عالمِ اسلام، بین المذاہب ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔صدرِ مملکت نے نمل (نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز) کی جانب سے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کی بھی منظوری دی ہے۔ انہیں اسلامیات اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈگری سے نوازا جائے گا۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سعودی عرب کے ممتاز عالمِ دین اور منتظم ہیں۔ وہ مئی 2016 سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ سعودی عرب کے وزیرِ انصاف بھی رہ چکے ہیں، جبکہ بعد ازاں شاہی دیوان میں وزیر کے درجے کے مشیر مقرر ہوئے۔سن 1436 ہجری میں انہیں رابطہ عالمِ اسلامی کا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا، جبکہ 1443 ہجری میں مسجد نمرہ، مکہ مکرمہ میں خطبۂ حج دینے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جس کے بعد وہ سعودی دور کے تیرہویں خطیبِ عرفہ بنے۔