تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قطر، عمان، اردن، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق مختلف مقامات پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن میں امریکی ایئر بیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو ڈرون ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ قطر میں العدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ عمان کی بندرگاہ دقم میں لاجسٹک سپورٹ مراکز، جبکہ کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بھی مختلف فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا۔
دوسری جانب قطر، متحدہ عرب امارات اور کویت نے ایران کے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے بیشتر میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ قطری وزارتِ دفاع کے مطابق میزائل حملے کو روک لیا گیا، تاہم ملبہ گرنے سے ایک بچے سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ ملکی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر رہا ہے، جبکہ کویتی افواج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں کیں۔ بحرین میں بھی حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
ادھر عمانی حکومت نے اپنے صوبہ مسندم میں ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ بعض مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔