حکومت نے پٹرول پر پیٹرولیم لیوی 80 روپے فی لیٹر کر دی، 9.36 روپے کا بڑا اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے ساتھ پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 9 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 70 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی آکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ پر بھی 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد اس پر پیٹرولیم لیوی 95 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 105 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 70 روپے 82 پیسے، مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔اس فیصلے کے بعد پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی ایک مرتبہ پھر 80 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔