کراچی میں ریبیز کا ایک اور کیس، کتے کے کاٹنے کے بعد ویکسین نہ لگوانے والی خاتون تشویشناک حالت میں

کراچی: جناح اسپتال کراچی میں ریبیز کا ایک اور تشویشناک کیس سامنے آیا ہے، جہاں نارتھ کراچی کی رہائشی 28 سالہ خاتون کو ریبیز کی علامات کے ساتھ زیر علاج رکھا گیا ہےجناح اسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان کے مطابق خاتون کو تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم انہوں نے بروقت ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی، جس کے باعث وائرس جسم میں پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ مریضہ میں دماغی سوزش (برین انفیکشن) کی علامات بھی ظاہر ہو چکی ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔ڈاکٹر عرفان کے مطابق رواں سال جناح اسپتال میں ریبیز کا یہ چھٹا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کتے یا کسی بھی آوارہ جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر اسپتال سے رجوع کریں اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین اور مکمل حفاظتی کورس لازماً کروائیں، کیونکہ بروقت علاج ہی اس جان لیوا بیماری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔