اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے کے لیے واشنگٹن میں دو روزہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جہاں تجارت، ٹیرف اور اقتصادی تعاون سے متعلق اہم امور پر بات چیت جاری ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات آج اور کل جاری رہیں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ٹیرف سے متعلق معاملات پر پیش رفت حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری طاہر اندرابی، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ندیم چوہدری اور جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف پالیسی اشفاق خان بھی شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے دیگر حکام بھی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مذاکرات میں شریک ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مجوزہ تجارتی معاہدہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو نئی سمت دے سکتا ہے۔