خیرپور کے پریالو میں رشتے کے تنازع پر خونریز تصادم، دو خواتین اور باپ بیٹے سمیت 6 افراد قتل

خیرپور: سندھ کے علاقے پریالو میں رشتے کے تنازع پر ناریجو برادری کے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دو خواتین اور باپ بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان دیرینہ رشتے کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کرگیا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ واقعے میں 6 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جاں بحق افراد میں سہراب علی، محمد عیدن، فتح محمد، راجہ اور دیگر شامل ہیں، جن میں دو خواتین اور باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لینے کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے واقعے کے دوران پولیس کی تاخیر سے آمد پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔