جہلم میں جائیداد کی لالچ، بھائی نے سگے بھائی کو چار ماہ زنجیروں میں قید رکھا

جہلم: پنجاب کے علاقے ساگری میں جائیداد کے تنازع پر انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر جائیداد ہتھیانے کی خاطر اپنے سگے بھائی کو چار ماہ تک زنجیروں سے باندھ کر قید رکھا۔

پولیس کے مطابق تھانہ منگلا کی حدود میں مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شخص کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شبیر نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کی جائیداد پر قبضہ کرنے اور اسے اپنے نام منتقل کرانے کی غرض سے متاثرہ شخص کو لوہے کی زنجیروں میں جکڑ کر گھر میں قید کر رکھا تھا۔

پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران متاثرہ شخص کو آزاد کرا لیا جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔