ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ کے علاقے شاہ حسن خیل میں دو مخالف گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ مبینہ دیرینہ دشمنی کے باعث پیش آیا، جہاں دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 کا تعلق ایک گروپ جبکہ ایک شخص دوسرے گروپ سے تعلق رکھتا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید پولیس نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں