حیدرآباد میں آٹے کی قیمت 145 روپے فی کلو، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی نے شہریوں کو پریشان کر دیا

حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہر میں آٹا 145 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث عام آدمی کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، ذخیرہ اندوزی اور محکمہ خوراک کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کی قوتِ خرید کو شدید متاثر کیا ہے اور وہ مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں استحکام کے لیے ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ اور گندم کی بروقت درآمد ناگزیر ہو چکی ہے۔