سعودی عرب نے ایشیائی مارکیٹ کے لیے خام تیل سستا کر دیا، آرامکو کی قیمتوں میں بڑی کمی

سعودی عرب نے ایشیائی منڈیوں کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو آئندہ ماہ سے ایشیا کے لیے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں 1.10 ڈالر فی بیرل کمی کرے گی۔

اس فیصلے کے بعد سعودی عرب کا عرب لائٹ خام تیل علاقائی معیار (بینچ مارک) کے مقابلے میں 1.50 ڈالر فی بیرل رعایت پر دستیاب ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمی مارکیٹ ماہرین کی توقعات سے زیادہ ہے، کیونکہ بلومبرگ کے سروے میں تقریباً 0.80 ڈالر فی بیرل کمی کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم سعودی عرب نے مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے زیادہ رعایت دینے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب عالمی منڈیوں میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 0.60 ڈالر کمی کے بعد 68.09 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 0.71 ڈالر کی کمی سے 71.41 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ مختلف بینچ مارکس کے تحت برینٹ خام تیل کے سودے 71.49 سے 72.45 ڈالر فی بیرل کے درمیان طے پائے۔
ادھر قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 22.37 ڈالر کمی کے بعد 4,154.57 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ چاندی کی قیمت 1.48 ڈالر اضافے کے ساتھ 62.54 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔