سعودی عرب نے 24 گھنٹے کاروبار چلانے کے لیے نئے ضوابط نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت کاروباری ادارے مقررہ سالانہ فیس ادا کر کے دن رات اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ نئے قوانین کا مقصد کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔سعودی گزٹ کے مطابق نئے ضوابط کے تحت کاروباری اداروں کو چوبیس گھنٹے کام کرنے کے لیے متعلقہ بلدیہ اور پولیس سے پیشگی منظوری لینا، مؤثر میونسپل لائسنس رکھنا اور الیکٹرانک اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ یہ اجازت نامہ خاص طور پر رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کے لیے درکار ہوگا، جبکہ رمضان المبارک اور عیدین کے دوران الگ موسمی قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے۔وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کاروبار کے لیے سالانہ فیس مقرر کرے، جس کی زیادہ سے زیادہ حد ایک لاکھ سعودی ریال ہوگی۔ اسی کے ساتھ وزیرِ بلدیات عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض کاروباری سرگرمیوں کو اس فیس سے مستثنیٰ قرار دینے کا بھی اختیار رکھیں گے۔نئے ضوابط کے مطابق وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی توسیع شدہ اوقاتِ کار میں ملازمین کے حقوق، ڈیوٹی اوقات اور لیبر قوانین پر عمل درآمد سے متعلق قواعد مرتب کرے گی، تاکہ تمام کاروباری ادارے سعودی لیبر قانون اور متعلقہ ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔