پٹن ڈاک میں لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہِ قراقرم بند، پاکستان اور چین کا زمینی رابطہ منقطع، سیاح اور مسافر پھنس گئے

پٹن ڈاک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہوگئی، جس سے شدید ٹریفک جام پیدا ہوگیا اور بڑی تعداد میں سیاح و مسافر راستے میں پھنس گئے۔شاہراہِ قراقرم کی بندش کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ بھی عارضی طور پر منقطع ہوگیا۔ پاک چین بارڈر کی سیر کے لیے جانے والے متعدد سیاح بھی متاثر ہوئے اور مختلف مقامات پر رک گئے۔مقامی پولیس حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے گلگت بلتستان جانے والی گاڑیاں اور سینکڑوں مسافر شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں بچے، خواتین، بزرگ اور طلبہ بھی شامل ہیں۔مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت چھوٹی گاڑیوں کی گزرگاہ بنانے کی کوشش کی، جبکہ شاہراہِ قراقرم کے دونوں اطراف مال بردار ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ متعلقہ ادارے لینڈ سلائیڈنگ سے ملبہ ہٹانے اور شاہراہ کو جلد بحال کرنے کے لیے کارروائی میں مصروف ہیں۔