بھارت کے شہر ممبئی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔ 200 ملی میٹر سے زائد بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ مختلف حادثات میں 13 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث شہر کے متعدد مقامات پر درخت اور دیواریں گر گئیں، کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور مختلف علاقوں میں سڑکیں بھی دھنس گئیں۔شدید بارش کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی اور ہزاروں مسافر مختلف مقامات پر پھنس گئے۔ ممبئی ایئرپورٹ کا رن وے بھی تقریباً ایک گھنٹے تک بند رہا، جبکہ پونے شہر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔