خواجہ آصف کا مودی پر تنقید، بھارتی پروپیگنڈے سے ساکھ بحال نہیں ہو سکتی، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی وہ ساکھ بحال نہیں ہوگی جو ان کے بقول ملک کے اندر اور بیرونِ ملک تیزی سے کمزور ہو رہی ہے۔خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کے ہاتھوں ملنے والی شکست کے بعد مودی حکومت کی ساکھ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بیانات یا پروپیگنڈا اس صورتحال کو تبدیل نہیں کر سکتا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ راہول گاندھی بھی مودی کو ملنے والے اعزازات پر سوالات اٹھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق راہول گاندھی کا مؤقف ہے کہ یہ اعزازات یا تو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں یا پھر خود ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ مودی کو عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کیا جا سکے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایسے اقدامات سے، ان کے بقول، نریندر مودی کی بین الاقوامی ساکھ بہتر ہونے کے بجائے مزید تنقید کی زد میں آ رہی ہے۔