خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے تھانہ یارک پر ہونے والے ایک حملے کو ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق رات کی تاریکی میں نامعلوم مسلح افراد نے تھانے کو تین مختلف اطراف سے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پیچھے دھکیل دیا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق بروقت حکمت عملی اور پولیس کی مضبوط پوزیشننگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام اہلکار محفوظ رہے۔ واقعے کی اطلاع پر اعلیٰ پولیس حکام نے موقع کا جائزہ لیا اور اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہا۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔