ٹرمپ کو خدشہ، ڈیموکریٹس اقتدار میں آ کر فِلی بسٹر ختم کر دیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس دوبارہ اقتدار میں آئے تو وہ امریکی سینیٹ میں قانون سازی کے روایتی طریقۂ کار فِلی بسٹر (Filibuster) کو ختم کر دیں گے۔ٹرمپ نے ماضی میں بھی فِلی بسٹر کے خاتمے کی متعدد بار حمایت کی، تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے کیونکہ ان کی اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے کئی سینیٹرز بھی اس اقدام کے مخالف رہے۔فِلی بسٹر ختم ہونے کی صورت میں سینیٹ میں کسی بھی بل کی منظوری کے لیے 60 ووٹوں کے بجائے صرف سادہ اکثریت درکار ہوگی، جس سے قانون سازی کا عمل آسان ہو جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس کامیاب ہوئے تو وہ انتخابی اور قانونی نظام میں ایسی بڑی تبدیلیاں کریں گے جن سے مستقبل میں ریپبلکن پارٹی کے لیے انتخابات جیتنا مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ بعد میں کہیں گے کہ انہوں نے پہلے ہی اس بارے میں خبردار کر دیا تھا۔