ژوب میں خوفناک بس حادثہ، کھائی میں گرنے سے 16 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ضلع شیرانی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ بریک فیل ہونا بتائی جا رہی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ڈپٹی کمشنر ژوب کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر فراہم کی جائیں گی۔