ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کی شادی کی افواہیں، ممکنہ مقام سے متعلق نئی قیاس آرائیاں

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور معروف فٹبالر ٹریوس کیلس کی ممکنہ شادی سے متعلق افواہیں سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا میں تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔ مداحوں کا خیال ہے کہ یہ جوڑا رواں ہفتے کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔رپورٹس کے مطابق اگست 2025 میں منگنی کے بعد اب یہ جوڑا شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ شادی روڈ آئی لینڈ میں ہوگی، لیکن مقام کی معلومات منظر عام پر آنے کے بعد منصوبہ تبدیل کر دیا گیا۔ٹی ایم زیڈ کے مطابق اب قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شادی نیویارک شہر کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہو سکتی ہے۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 2 جولائی سے 4 جولائی تک اس مقام کے اطراف سڑکیں بند رکھنے کے لیے اجازت نامے طلب کیے گئے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا کے یومِ آزادی کے ویک اینڈ پر ٹیلر سوئفٹ کی سالانہ تقریبات بھی منعقد ہوتی رہی ہیں، جبکہ یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ٹریوس کیلس کی ٹیم کنساس سٹی چیفس کے کئی کھلاڑیوں نے قریبی ہوٹلوں میں کمرے بک کرا لیے ہیں۔تاہم اب تک ٹیلر سوئفٹ یا ٹریوس کیلس کی جانب سے شادی، تاریخ یا مقام کے حوالے سے کسی بھی خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اس لیے تمام اطلاعات کو فی الحال افواہیں اور قیاس آرائیاں ہی سمجھا جا رہا ہے۔