کاہنہ ٹیوشن سینٹر سانحہ، عدالتی انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست حکومت کو ارسال

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کی شفاف تحقیقات کے لیے حکومت کو عدالتی انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کی باقاعدہ درخواست ارسال کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک نامور وکیل نے گورنر پنجاب، وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھیجی گئی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے پسِ پردہ انتظامی غفلت اور ذمہ دار سرکاری و غیر سرکاری عناصر کا تعین کیا جائے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صرف عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرنا کافی نہیں، بلکہ غیر رجسٹرڈ تعلیمی و تجارتی اداروں کی نگرانی میں ناکامی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی سنگین غفلت ہے۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، لہٰذا متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور ذمہ داروں کے احتساب کے لیے “پنجاب ٹریبونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969” کے تحت ایک آزاد اور بااختیار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
درخواست کی نقول صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم پاکستان اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سمیت اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں تاکہ معاملے کا نوٹس لے کر ضروری کارروائی کی جا سکے۔